پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر کی والدہ فہمیدہ نسرین کا علالت کے باعث انتقال ہوگیا ہے جس پر ان کے مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا۔
اداکارہ ندا یاسر کی والدہ فہمیدہ نسرین خود بھی اداکارہ رہ چکی ہیں اور ندا یاسر نے اپنے ایکٹنگ کیرئیر کا آغاز انہی کے ڈرامے ہم تم سے کیا تھا۔ ڈرامہ ہم تم میں فہمیدہ نسرین نے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر کام کیا۔
گزشتہ برس دسمبر 2020ء میں بھی یہ خبر سوشل میڈیا پر گردش میں رہی کہ ندا یاسر کی والدہ فہمیدہ نسرین کا انتقال ہوگیا ہے تاہم بعد ازاں اداکارہ ندا یاسر نے اس کی تردید کی، تاہم آج اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اداکارہ ندا یاسر نے اس کی اطلاع خود مداحوں کو دی۔
سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ ندا یاسر نے والدہ اور اہلِ خانہ کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پیاری، مضبوط و مستحکم اور موت سے لڑنے والی والدہ ہمیں اکیلا چھوڑ گئی ہیں۔
انسٹا گرام پر ندا یاسر کی والدہ کے انتقال کی خبر کے ساتھ ہی مداحوں کی طرف سے تعزیتی پیغامات اور افسوس کے اظہار کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اداکارہ ندا یاسر نے تاحال اپنے والدہ کے انتقال کے متعلق مزید کوئی پیغام جاری نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر تنقیدکا نشانہ بننے کے بعد ندا یاسر نے معافی مانگ لی