کراچی: کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کے روز چین سے پاکستان پہنچے گی۔ ویکسین لانے کے لئے پی آئی اے مفت خدمات فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ لانے کے لئے جمعے کے روزچائنہ روانہ ہوگا جبکہ 5 لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ ہفتے کے روز پاکستان پہنچے گی۔
پی آئی اے کورونا ویکسین لانے کیلئے مفت خدمات فراہم کررہا ہے۔ پی آئی اے خصوصی بوئنگ777 طیارے سے چین سے کورونا ویکسین پاکستان لائے گی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے اس حوالے سے احکامات جاری کردیےہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز این سی او سی کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا تھا کہ پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے حکومت پاکستان کو پانچ لاکھ کرونا ویکسین کا عطیہ کیا ہے، چین کی جانب سے عطیہ کی گئی ویکسین جلد پاکستان آجائیں گی۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ جو ویکسین سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیگی وہ مفت فراہم کی جائیگی، صحت سے متعلق عوام کو درست آگاہی دینا ہمارا فرض ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اگلے ہفتے اپنی کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرے گا ، جس کا آغاز فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے ہوگا۔
خیال رہے چین نے 31 جنوری تک چینی فرم سینوفارم کے ذریعہ تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کی 500،000 خوراکیں پاکستان کو دینے کا وعدہ کیا تھا۔