چارسدہ:باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے ہدایا ت دی ہیں کہ طلباء و طالبات کیلئے یونیورسٹی کے اندر قرآن پاک کو مفصل ترجمہ وتفسیر کے ساتھ پڑھانے اور سکھانے کیلئے خاطرخواہ بندوبست کیا جائے، قرآن کریم کو سمجھنا اور سیکھنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے یونیورسٹی کے بچوں کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ کم سے کم قرآن پاک کے بنیا دی رہنما اصول سمجھ کر اس سے مستفید ہوں اور وہ اسلام کے صحیح داعی بن جائیں۔
ان خیا لات کا اظہا ر انہوں نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں منعقدہ نویں اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رجسٹرار سید عارف حسین شاہ ، ڈائریکڑ اے ایس آر بی ڈاکٹر حسین گلاب اور کونسل کے بیرونی ممبران پرنسپل گورنمنٹ خواتین کالج چارسدہ مس رابعہ اور پرنسپل گورنمنٹ کالج چارسدہ رضا شاہ بھی موجود تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد کا کہنا تھا کہ طلبا ء طالبات کو قرآن پاک ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھانے اور اس کو تمام طلبہ کے لئے نصاب کا حصہ بنانے کے لئے طریقہ کار بنایا جائے تاکہ سینڈیکیٹ سے اسکی باقاعدہ منظوری لی جائے۔ اکیڈمک کونسل نے فیکلٹی ممبران اور طلبا ء و طالبا ت کے لئے یونیورسٹی کے اندر ثقافت اور مذہبی احکامات کے پیش نظر موزوں لباس پہننے کے لئے قواعد وضوابط کی سفارشات مرتب کرلی ہیں جسکی حتمی منظوری سینڈیکیٹ کے اجلاس میں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں طالبات کیلئے کالے رنگ کا ڈھیلا عبایا کے ساتھ سفید یا کالے رنگ کا سکارف ‘سفید رنگ شلوار اور چادر کیساتھ قمیض ، کالے رنگ کی ہموار چپل اور یونیورسٹی کارڈ گلے میں آویزاں کرنا لازمی قرار دیدیا گیا جبکہ ہر قسم کی جینز، ٹی شرٹس ، ٹراوزرز ، شارٹ شرٹس، میک اپ جیولری پہننے ، فینسی پرس لانے، باریک لباس اور ہیلز پہننے پر پابندی عا ئد ہوگی۔
باچا کے وائس چانسلر نے کہا کہ طلبا ء کو بلیو یا کالے رنگ کے ڈریس پتلون کے ساتھ پلین شرٹس پہننے، کالے یا براؤن رنگ کے جوتے پہننے، سردیوں میں صاف ستھرا شلوار قمیض ساتھ کالے یا ڈارک بلیو رنگ کی واسکٹ یا کوٹ، سویٹر، پلین جیکٹ، کسی بھی رنگ مفلر پہننے کیساتھ یونیورسٹی میں اند رداخل ہونے کی اجازت ہوگی ‘ طلباء کیلئے بھی یونیورسٹی کا کارڈ گلے میں آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔
قابل تحسین ڈاکٹر پروفیسر بشیر احمد کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اساتذہ کیلئے بھی کالے رنگ کا گائون کے ساتھ صاف ستھرا پروقار لباس پہننے اور گلے میں یونیورسٹی شناختی کارڈ آویزاں کرنا لازمی قراردیا گیا ہے‘اساتذہ پر بھی جینز ، چپل ، بالیاں، جینز ، وریسٹ بینڈزپہننے پر پابندی عا ئد ہوگی جبکہ خواتین اساتذہ بھی شارٹ شرٹس نہیں پہن سکیں گی ۔