کراچی:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پانامہ ٹو بنے گا، مریم کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی، وہ اس کیس کو اچھی طرح پڑھ لیں یا پڑھوالیں۔
مولانا فضل الرحمن میرے پیر بھائی ہیں، دعوت دیتے تو اسرائیل مردہ باد ریلی میں ضرور شریک ہوتا اس سے خطاب بھی کرتا،مولانافضل الرحمان سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والے ہیں، یہ لوگ سمجھ دار ہیں، پھر مولانا سے ہاتھ کریں گے۔
پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کے سامنے شام غریباں منارہے تھے جبکہ بلاول بھٹو عمرکوٹ میں جشن منارہے تھے اور میں ان سے خوش ہوں، الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر اپوزیشن نے ہم سے تعاون کیا، ہم نے بھی ان سے تعاون کیا۔
لانگ مارچ میں اسی طرح تعاون کیا گیا تو ہم بھی اسی طرح تعاون کریں گے،کراچی میں نادراکے مزید 3 سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں،ایک لاکھ شناختی کارڈ ہرروز جاری کرنے ہیں اور دنیا کے معیار کا ای پاسپورٹ بنانے جارہے ہیں،مزدوروں کیلیے پاسپورٹ مدت 10سال کررہے ہیں۔ شناختی کارڈ اسی کوملے گا جو پاکستانی ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کو ڈی ایچ اے نادرا میگا سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آج ہم نے ناشتہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں کیا۔ پاک فوج کی طرح رینجرز کی بھی ایک داستان ہے۔ کراچی میں رینجرز نے امن کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کے 3 دفتر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور 5 دفتر ڈبل شفٹ ہوں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ سندھ میں 62 نادرا سینٹر اور 16 موبائل وین ہیں جن میں سے ہم 6 سینٹرز کو 24 گھنٹے کے سینٹرز میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔
جن میں سے تین کراچی میں، ایک حیدرآباداور دو عمر کوٹ میں ہوں گے۔ہم نے ایک لاکھ لوگوں کو ہر روز مفت شناختی کارڈ جاری کرنے ہے۔ نادرا کے استعمال کے لیئے 300 نئی گاڑیاں تیار کر رہے ہیں۔ تمام تحصیل میں نادرا کارڈ فراہم کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھانے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں لوگوں کو جو نادرا سے شکایات ہیں انہیں دور کرنے کے لیے آیا ہوں لیکن شناختی کارڈ اسی کو ملے گا جو پاکستانی ہو گا، کارڈ پاکستان کی شناخت ہے اور ہم اس کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک دو لاکھ لوگوں کو افغان مہاجروں کی آرگنائزیشن کی مدد سے شناختی کارڈ دیں گے اور اس کے علاوہ کسی کو شناختی کارڈ جاری نہیں کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ مزدور کو3500 میں 5 سال کا پاسپورٹ کارڈ ملتا ہے، عمران خان کی ہدایت پر اب ہم اسے 10 سال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاسپورٹ میں چپ لگانے جا رہے ہیں، ایسا پاسپورٹ کرنے جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے معیار کے مطابق اپنے آپ کو لیس کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس سہولتیں بہتر بنائیں گے اور جو لوگوں کی شکایات ہیں، کوشش کریں گے کہ ان کو پورا کر سکیں۔