وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن پر سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم دیگر جماعتوں کیلئے بہت اہمیت اختیار کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی تھی جس میں مختلف آفرز بھی کی گئیں جبکہ آج گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعظم عمران خان کی خفیہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی۔
ملاقات میں سندھ کے حوالے سے ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی جبکہ ایم کیو ایم کے حوالے سے کافی تفصیل سے معاملات زیر بحث آئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی طرف سے ایم کیو ایم کے تحفظات بھی وزیراعظم کو بتائے گئے اور جو مطالبات ایم کی جانب سے کیے گئے تھے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کی کہ ایم کیو ایم کے کون کون سے مطالبات تسلیم کر نے ہیں۔ لین دین کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ سینیٹ الیکشن میں کوٹہ سسٹم ہے جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کے ساتھ ابھی تک کوئی بھی معاملات طے نہیں پاسکے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر نے وزیراعظم عمران خان کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ایم کیو ایم سینیٹ الیکشن میں سیٹ کے علاوہ کراچی میں بس کا منصوبہ، کے فور، پانی اور کے الیکٹرک جیسے منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز کا مطالبہ کر رہی ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی۔
مذکورہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بہادر آباد میں ایم کیو ایم (پاکستان) اور پیپلز پارٹی کی ملاقات ہوئی جس میں واضح طور پر پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو تعاون اور مطالبات تسلیم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی اور وزیراعظم عمران خان کی ہونے والی ملاقات میں زیادہ زور ایم کیو ایم کو منانے کے ٹاسک پر رہا۔
دوسری جانب جبکہ ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ اسی صورت میں دے گی جب اس کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں گے، بصورتِ دیگر جو بھی دوسری پارٹی ایم کیو ایم کے مطالبات مانے گی، ایم کیو ایم سینیٹ الیکشن میں ان کو مکمل سپورٹ کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں سینیٹ انتخابات ووٹ کی ہارس ٹریڈنگ، قیمت 2 کروڑ مقرر