کراچی:پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ڈرامہ سیریل رقیب سے کے ذریعے اداکاری کے میدان میں پہلا قدم رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رقیب سے اداکارہ کی حیثیت سے حدیقہ کیانی کا پہلا ڈرامہ سیریل ہوگا۔ حدیقہ کیانی کا کہنا ہے کہ ایک گلوکارہ کے طور پر میرا کردار مضبوط، بے خوف اور بے باک رہا ہے تاہم سکینہ کا کردار اس کے برعکس ہوگا۔
اپنے پہلے ڈرامہ سیریل کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے حدیقہ کیانی نے کہا کہ مجھے ہمیشہ کوئی سکینہ اپنے اندر محسوس ہوتی رہی ہے جو میری روح سے متصل تھی اور اسے میں نے ڈرامے میں بولے گئے اپنے پہلے ڈائیلاگز سے محسوس کیا۔
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے کہا کہ ڈائیلاگ کے آغاز سے لے کر آخر تک مجھے یہ محسوس ہوا کہ سکینہ کا کردار بہت حد تک میرے اندر بھی جلوہ گر ہے جبکہ ڈرامے کے کرداروں کے ساتھ باہم میل جول، تجربات اور گپ شپ بہت اچھی رہی۔
حدیقہ کیانی نے کہا کہ سب فنکاروں نے میرے ساتھ مل جل کر بہت توجہ کے ساتھ ڈرامے میں کام کیا ہے۔ گائیکی کے میدان میں ہم عوام کے ساتھ ایک مختلف حوالے سے منسلک رہتے ہیں۔ ہم اسٹیج پر جاتے ہیں، گانا گا کر واپس آجاتے ہیں لیکن ڈرامہ ٹیم ورک ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ڈرامے کے دوران تمام فنکار ایک ہی گھر میں دن رات رہتے ہیں، یہ بے حد منفرد تجربہ ہوتا ہے۔ ہم ایک خاندان کی طرح ساتھ رہے اور ڈرامے میں کام کیا۔
ڈرامے کے حوالے سے حدیقہ کیانی نے مزید کہا کہ مجھے اپنی زندگی میں چیلنجز پسند ہیں اور میں اپنے آپ کو چیلنج کرتے رہنا پسند کرتی ہوں۔ مجھے یہ محسوس ہوا کہ ڈرامے میں کام کرکے میں اپنی ذات کے ایک نئے پہلو سے آشنا ہوسکتی ہوں۔
مذکورہ ڈرامے رقیب سے کا او ایس ٹی حدیقہ کیانی نے خود کمپوز کیا ہے جبکہ ان کی والدہ خاور کیانی نے اسے تحریر کیا اور استاد باقر عباس اس کے پروڈیوسر ہیں۔ حدیقہ کیانی ڈرامے کے حوالے سے کافی پر امید نظر آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی مری پہنچ گئیں، سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل