لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز آج سکھر کا دورہ کریں گی جہاں پارٹی کے ورکرز کنونشن کی تیاریاں مکمل ہیں جس کے بعد وہ پی پی پی جلسے کیلئے لاڑکانہ روانہ ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں ن لیگی کارکنان اور رہنما ورکرز کنونشن کیلئے تیار ہیں جبکہ مریم نواز کے ساتھ ساتھ ن لیگ کے دیگر مرکزی اور صوبائی رہنما بھی ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ کنوشن کیلئے روہڑی کا مقامی شادی ہال منتخب کیا گیا ہے۔
روہڑی کے قریب مقامی شادی ہال میں ن لیگی ورکرز کنونشن کا پنڈال سج چکا ہے، آج شام کے وقت سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز ورکرز کنونشن میں ن لیگی کارکنان کا لہو گرمائیں گی۔
موٹر وے کے ذریعے آج مریم نواز روہڑی انٹرچینج پہنچنے کے بعد ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کریں گی۔ سابق گورنر سندھ زبیر احمد اور شاہ محمد شاہ کے علاوہ ن لیگ کے دیگر رہنما بھی ورکرز کنونشن میں شریک ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر مریم نواز آج 3 بجے سکھر پہنچیں گی جہاں سکھر انٹرچینج پر ان کا شاندار استقبال ہوگا۔ 4 بجے سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد اگلے روز مریم نواز لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں بھی شریک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے ریلی میں پشتو بول کر پٹھانوں کے دل جیت لئے