پشاور: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے دکان سے بڑی صنعت بنتے ہوئے دیکھی، کاروبار کی دُنیا میں کامیابی کا آغاز چھوٹے کام سے ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے پشاور میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کامیاب جوان پروگرام سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔ پروگرام پر عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نوجوان نسل کے پاس ہنر اور صلاحیت ہے لیکن پیسہ نہیں ہے۔
کامیاب جوان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پیسے نہ ہونے سے ٹیلنٹ کمزور پڑ جاتا ہے۔ ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کیلئے نوجوان طبقے کو آگے آنا ہوگا جبکہ ہمارے ملک کی طاقت نوجوان ہیں۔ ماضی میں بدقسمتی سے کسی نے چھوٹی انڈسٹری پر توجہ نہیں دی۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بینکنگ سیکٹر نوجوانوں کو پیسے دینے کو رسک سمجھتے تھے۔ بینکوں کو عادت نہیں تھی کہ وہ نوجوانوں کو رقم یا قرض دیں۔ امریکا میں سیلیکون ویلی نوجوان طبقے کو کہاں سے کہاں لے گئی؟ ملک بھر سے نوجوانوں کی مدد کی روایت ہی ختم ہو گئی تھی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ آئیڈیاز کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے مالی معاونت کی ضرورت پڑتی ہے۔ مجھے ملک سے باہر پاکستانیوں کو دیکھنے کا بارہا موقع ملا۔ وہاں سسٹم ان کی مد کرتا ہے اگر وہ آئیڈیاز لے کر آئیں۔خیبر پختونخواہ میں سیر وسیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ دنیا میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کی پوری طرح مدد کرنی ہے۔ بینک آف خیبر اور بینک آف پنجاب چھوٹی اور متوسط انڈسٹری کی مدد کر رہے ہیں۔ ساؤتھ وزیرستان پیچھے رہ گیا ہے۔ ان علاقوں میں بھی ہم لوگوں کو قرض دیں گے۔ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی ترقی ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قوم نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیرِ اعظم