راولپنڈی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تاجروں سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے جرمانے کے نام پر وصول کیے گئے ہیں جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا ایس او پیز کے نام پر راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی پھر سے چاندی ہوگئی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے مری روڈ فیض آباد کے تاجروں سے جرمانوں کی صورت میں لاکھوں روپے وصول کر لئے۔
، پہلے سے کورونا کے باعث معاشی بدحالی کے شکار تاجروں نے شدید احتجاج کیا۔تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود مبینہ طور اے سی سٹی نے زبردستی 10 ہزار روپے فی دکان نقد جرمانے وصول کئے ۔
اے سی سٹی کی جانب سے زبردستی نقد جرمانوں کیخلاف فیض آباد کے تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا شدید بحرانوں کے شکار تاجروں پر مزید مظالم نہ ڈھائے جائیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ہم ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بار بار جرمانے کئے جارہے ہیں۔ ریستوران مالکان کے مطابق شدید بارش میں آوٹ ڈور سروس ممکن نہیں لیکن اس کے باوجود جرمانے کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ لاک ڈاؤن کے باعث اب تک دکانوں کے کرائے اور بلز ادا نہیں کیے جاسکے۔ ان مشکل حالات میں حکومت تاجروں کو ریلیف دینے کے بجائے مزید جرمانوں کا بوجھ نہ ڈالے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین تاجر اتحاد نے 8 بجے تک کاروبار کی اجازت مانگ لی