ممبئی: بھارتی اداکارہ کریتی سنون کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف بھارتی اداکار ٹائیگر شروف کے بالمقابل ہیرو پنتی سے بالی ووڈ انڈسٹری میں پہلی بار قدم رکھنے والی کریتی سنون پہلے تیلگو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ کریتی سنون نے مداحوں کو خود بتایا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔
کریتی سنون نے بالی ووڈ کی چوٹی کی مشہور فلموں میں کام کیا ہے جن میں دل والے، ہاؤس فل 4، بریلی کی برفی، رابطہ اور پانی پت شامل ہیں۔ کچھ روز قبل ورن دھون، نیتو کپور اور سنی دیول سمیت مختلف دیگر بھارتی اداکار بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ بھارتی میڈیا بھی کریتی سنون کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرچکا ہے۔
سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ کریتی سنون نے بتایا کہ مجھے کورونا وائرس کی کوئی سنگین علامات محسوس نہیں ہوئیں تاہم سرکاری ہدایات اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے تاہم پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔
کریتی سنون نے کہا کہ میں جلد ہی قرنطینہ کا عرصہ مکمل ہونے کے بعد فلم انڈسٹری میں کام شروع کردوں گی، تب تک کیلئے اپنے مداحوں کی نیک خواہشات پر مبنی پیغامات کا مطالعہ جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ امید ہے آپ کی دعائیں کام کریں گی۔ انہوں نے عوام کو کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ انسٹا گرام پر کریتی سنون کے 3 کروڑ 70 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عروہ حسین کو خوبصورت وادیوں کی تصاویر سے گلگت بلتستان یاد آگیا