راولپنڈی میں 15 سالہ طالبِ علم پر بہیمانہ تشدد کرنے والے دینی معلم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کی حدود میں پولیس نے متاثرہ طالبِ علم کے والد کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے معلم قاری مشتاق سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے 15 سالہ رضوان پر ظلم و تشدد کیا ہے۔ والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
متاثرہ طالب، علم رضوان کے والد کا کہنا ہے کہ مدرسے میں رضوان ناظرہ کی تعلیم حاصل کرتا ہے جہاں موبائل رکھنے پر قاری مشتاق نے اس پر مدرسے کے 3 طلباء کے ساتھ مل کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ طلباء کے نام عرفان، تیمور اور صدیق بتائے جاتے ہیں۔
ایس پی راول ڈویژن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مدرسے کے معلم اور مددگار طلباء کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا جس پر ایس ایچ او وارث خان نے 3 ملزمان کو چند گھنٹوں میں حراست میں لے لیا۔
ملزم عرفان تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دینی مدارس اور جامعات قابلِ احترام ادارے ہیں تاہم پڑھائی کی آڑ میں معصوم بچوں پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متاثرہ لڑکے کا میڈیکل کرا لیا گیا ہے۔ تشدد میں شریک ملزم عرفان کو بھی جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس مقابلہ، 1 ڈاکو گرفتار، دوسرا فرار، 3 موبائل فونز برآمد