نیو کراچی کے علاقے دُعا چوک کے قریب 2 منزلہ رہائشی عمارت میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 1 فرد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث رہائشی عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا اور عمارت کو آگ لگ گئی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقعے پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا تاکہ آگ پر قابو پایا جاسکے۔
ایس ایس پی سنٹرل کا کہنا تھا کہ دھماکا گیس لیک ہونے کے باعث ہوا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
دھماکے کی وجوہات سامنے آگئیں، 2 منزلہ گھر میں دھماکہ گیس بھرنے کے باعث ہوا جس کے نتیجے میں 1 بچہ جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے 6 افراد کو ریسکیو کرنے میں کامیابی حاصل کی جن میں سے 4 بچے ہیں۔
دھماکے کی وجہ گیس کی قلت بتائی جاتی ہے۔ نیو کراچی کے گھر میں گیس کی قلت کے دوران چولہا رات بھر کھلا رہا اور صبح جب گیس بحال ہوئی تو گیس پورے گھر میں پھیل گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
ہولناک دھماکے کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوا۔ گھر میں پھیلی ہوئی گیس سے بے خبر سربراہِ خانہ نے سگریٹ جلائی تو دھماکہ ہوا اور گھر کو آگ لگ گئی۔
مجموعی طور پر 4 بچوں سمیت 6 افراد عباسی شہید ہسپتال منتقل ہیں جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے 1 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ علاقہ مکینوں کی طرف سے گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کے دوران 1 شخص کو گرفتار بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں مسکن چورنگی کے نزدیک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔
گلشنِ اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب بلند و بالا عمارت میں اکتوبر کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے کی آواز علاقے میں دور دور تک سنی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی، مسکن چورنگی کے نزدیک دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی