کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کونومبر کے آخری کاروباری سیشن کے دوران اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ دیکھنے میں آیا لیکن مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب آگیا اور کے ایس ای100انڈیکس 41ہزارکی نفسیاتی حدکو بحال کرتے ہوئے 261.73پوائنٹس کے اضافے سے41068.82پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
جب کہ62.5فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 34ارب25کروڑ27لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 2.32فیصد کم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازمنفی زون میں ہوا اور سرمایہ کار ملتان میں اپوزیشن جماعتوں کے اجتماع کے نتیجے میں سیاسی درجہ حرارت بڑھنے کے پیش نظرسرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے نتیجے میں دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 40669پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔
بعد ازاں سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری شروع ہونے کے باعث ریکوری آئی جس کے نتیجے میں تیزی دیکھنے میں آئی اور آخر تک یہ رجحان غالب رہایہاں تک کہ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 261.73پوائنٹس کے اضافے سے41068.82پوائنٹس پر بند ہوا۔
جب کہ کے ایس ای30انڈیکس121.69 پوائنٹس کے اضافے سے 17281.51پوائنٹس پر اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس129.86 پوائنٹس کے اضافے سے28849.46 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر 368کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 230کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،122میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت75کھرب19ارب25کروڑ85لاکھ روپے سے بڑھ کر75کھرب53ارب51کروڑ12لاکھ روپے ہوگئی۔