پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے عالمی عرب ایوارڈ جیت لیا جس پر مداحوں ساتھی اداکاروں اور معروف شخصیات نے مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ سجل علی نے ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) جیتا جبکہ ڈیفا کا آغاز سن 2017ء میں ہونے کے بعد اس کی چوتھی سالانہ تقریب رواں برس نومبر کے دوران دبئی میں ہوئی۔
ہر سال عرب اداکار، ماڈلز اور شوبز کے شعبے سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات کو ڈیفا ایوارڈز دئیے جاتے ہیں۔ رواں برس پاکستانی فلموں کی اداکارہ سجل علی نے دیگر ممالک کے شوبز ستاروں کے ہمراہ یہ ایوارڈ جیتا۔
سجل علی سے پہلے گزشتہ برس یہ ایوارڈ اداکارہ ماہرہ خان بھی حاصل کرچکی ہیں۔ رواں برس امریکی گلوکارہ ایویتا موکوشیان، فلم ساز امجد ابوالالا اور دیگر فنکاروں نے بھی یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
تقسیمِ اعزازات کی تقریب متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں 29 نومبر کی شب منعقد ہوئی جس میں فنکاروں نے ایوارڈ وصولی کے ساتھ ساتھ گانے بھی گائے اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
اداکارہ سجل علی نے ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے بطور فنکار ہی نہیں بلکہ بطور ایک قابلِ فخر پاکستانی اعزاز کی بات ہے۔ میں ڈیفا اور دبئی کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے دنیا بھر کے فنکاروں کو اعزازات سے نوازا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سجل علی کی نئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی