کراچی:پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل حل کریں گے۔ شہر قائد کیلئے 1100 ارب کا پیکیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا آغاز ہوگیا ہے۔ گرین لائن بس منصوبہ بھی جلد مکمل کریں گے۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے شہری و دیہی علاقوں کو جدید سٹی میں تبدیل کرنا ہمارا مشن ہے۔
کنسٹرکشن انڈسٹری کو پیکیج کی فراہمی سے بیروزگاری کے خاتمے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر و صنعتکاروں کے وفد سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ صوبے میں 12 سالوں سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود اندرون سندھ موہنجودڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔
نصرت واحد نے کہا کہ اربوں روپے کا بجٹ خودبرد کرلیا جاتا ہے۔ اسکولوں میں اساتذہ تو ہیں مگر طلباء کی تعداد انتہائی کم اور پڑھائی کا نظام انتہائی ناقص ہے۔ اسپتالوں سے ادویات چوری کرلی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کو سرکاری صحت مراکز سے ایک گولی تک دستیاب نہیں ہے جس کے باعث اندرون سندھ کے عوام پی پی سے بدظن ہوگئے ہیں اور وہ اب وزیر اعظم عمران خان کی جانب راغب ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبے کی عوام کو مسائل سے نجات دلائے گی۔