اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں وینٹی لیٹرز پر منتقل ہونے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ خطرناک ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ 15 روز کے دوران کورونا وائرس کے وینٹی لیٹرز پر منتقل مریضوں کی تعداد میں الگ الگ شرح سے مختلف شہروں میں اضافہ ہوا۔
پیغام میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹر پر منتقل کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد، کراچی میں 148 فیصد، لاہور میں 114 فیصد جبکہ اسلام آباد میں 65 فیصد اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملتان اور اسلام آباد میں کورونا کے وینٹی لیٹرز کی گنجائش کے حساب سے استعمال 70 فیصد ہوچکا ہے اور یہ پیغام سیاستدانوں کیلئے ہے کہ کورونا وائرس سے انسانی جانوں کو خطرہ ہے۔
Increase in covid patients on ventilators in last 15 days: peshawar 200%, multan 200%, karachi 148%, Lahore 114%, Islamabad 65%. Multan and Isb covid ventilators capacity utilization 70%. For political leaders to send a message that corona is not a threat is threatening lives
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 22, 2020
کورونا اعدادوشمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 4 ماہ کے وقفے کے بعد پہلی بار پاکستان میں کورونا کی اموات 50 سے زائد ہوئی ہیں۔ کل 59 کورونا کے مرض میں مبتلا افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ قوم یکجا ہوکر پھر سے کورونا کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے تاکہ حکومت لوگوں کی صحت اور روزگار دونوں کی حفاظت کرسکے۔
چار ماہ کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ ملک میں کرونا اموات کی تعداد 50 سے زائد. کل 59 کرونا مرض میں مبتلا افراد جاں بحق ہو گئے. انتہائی ضروری ہے کے قوم یکجا ہو کر پھر سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے، تاکہ ہم لوگوں کی صحت کی بھی حفاظت کریں اور لوگوں کے روزگار کو بھی بچا سکیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 22, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا کہ حکومت کورونا کی دوسری لہر کے دوران عام آدمی پر اضافی دباؤ ڈالے بغیر اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو جاری رکھے گی۔
اسد عمر نے رواں ماہ کی ابتدا میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک ہی وقت میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور روزگار کو بچانا کورونا کے دوران حکومتی حکمت عملی کا خاصہ تھا۔حکومت دوسری لہر کے دوران بھی یہی حکمت عملی اپنائے گی تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
مزید پڑھیں: کورونا لہر، اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی جاری رہے گی، اسد عمر