کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے GL-16نمائش انڈر پاس کے ایٹ گریڈ ورکس کا افتتاح کردیا۔ ایٹ گریڈ میں نمائش انڈر پاس کے اوپر ایم اے جناح روڈ کی دونوں اطراف میں تین لین کی سڑک اور ملحقہ سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔
اس کے علاوہ سڑک کے دونوں اطراف خوبصورتی کے لیے شجرکاری بھی کی گئی ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اسد عمر نےGL-20 کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس کے تحت گرین لائن منصوبہ کے لیے 1.8 کلومیٹر طویل کامن کوریڈور بنایا جائے گا جس پر 2.2 ارب روپے لاگت آئے گی۔
یہ کوریڈور نمائش انڈر پاس کے بعد شروع ہو کر میونسپل پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس کوریڈور میں BRT بسوں کے لیے چار لینز ہیں جس میں دو لینز میونسپل پارک سے آنے کے لیے اور دو میونسپل پارک کی طرف جانے کے لیے ہیں۔
اس کوریڈور میں BRT کے مسافروں کے لیے تین اسٹیشن ہونگے۔ کوریڈور کے دونوں اطراف عام ٹریفک کے لیے تین لین سڑک بنائی جائے گی اور یہ منصوبہ مارچ 2022 میں اختتام پزیر ہوگا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گور نر سندھ نے کہا کہ میں خاص طور پر ایس آئی ڈی سی ایل کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس پروجیکٹ پر بہت محنت و دیانت داری سے کا م کیا اور میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھی مشکور ہوں جن کا دل کراچی کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ جنہوں نے کراچی کو اتنے مشکل حالات میں اتنا بڑا پیکیج دیا۔
جزائر پر تعمیر کے حوالے سے کئے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ جزیروں پر سرمایہ کاری سندھ کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی، اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبہ سندھ کی ہوگی نہ کہ وفاق کی، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت سندھ کے اعتراضات کو دور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً آٹھ سو ایکڑ رقبہ پر محیط جزیرہ پر کم سے کم پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روزگار میسر آئے گا، اس کے علاوہ یہاں پر فش ہاربر مارکیٹ بنائی جائے گی جو کہ بین الاقوامی معیار کی ہوگی جو ماہی گیروں کی آمدنی میں اضافہ کا باعث ہوگی۔