کراچی:آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) کے کنوینر اطہر سلطان چاؤلہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کرونا کا مقابلہ کرتے ہوئے کاروبار، صنعتیں کھلی رکھنے اور ریلیف دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اب کورونا کے ساتھ رہتے ہوئے جینا سیکھناہوگا اور کاورباروصنعت کا پہیہ بلارکاوٹ چلانا ہوگا تاکہ ملکی معیشت کو اس وبائی مرض کے منفی اثرات سے بچایا جاسکے اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن رہے۔ملک بھر کے ریسٹورنٹس مالکان وزیراعظم کے اقدامات کی نہ صرف بھرپور حمایت کرتے ہیں اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
اطہر سلطان چاؤلہ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان سے رات 10بجے تک ریسٹورنٹس بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریسٹورنٹ انڈسٹری پہلے ہی کرونا وبا کی تباہ کاریوں کے وجہ سے شدید مالی بحران کا شکار ہے،لہٰذا رات10بجے ریسٹورنٹس بند کرنے کا اقدام مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنگین معاشی بحرانوں میں ملکی معیشت کسی صورت بھی کاروبار کی بندش یا اوقات کار محدود کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ریسٹورنٹ انڈسٹری کرونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تمام ریسٹورنٹس سماجی فاصلے کونہ صرف یقینی بناتے ہیں بلکہ صحت کے اصولوں پر بھی سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر کاروباری اوقات کو محدود کیا گیایا پھرریسٹورنٹ انڈسٹری کو دوبارہ بند کیا گیا تو اربوں روپے کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی اور اس سے منسلک دیگر 40صنعتیں بھی تباہ ہوجائیں گی جبکہ لاکھوں ورکرز بے روزگار ہوجائیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو رات10بجے بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے تاکہ معیشت کا پہیہ بلارکاوٹ گھوم سکے اور نئی سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں۔