پشاور: خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر فائز سیاسی رہنما محمود جان اہلِ خانہ سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کے پی کے اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان نے بتایا کہ میری اہلیہ اور بیٹے بھی میرے ہمراہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، ہم سب کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا۔
ڈپٹی اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے اہلِ خانہ کے ہمراہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے تاکہ کورونا وائرس ہم سے کسی اور شخص کو منتقل نہ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ میں عوام الناس سے اپیل کرتا ہوں کہ ہماری صحتیابی کیلئے دُعا کریں اور ہماری دُعا ہے کہ کورونا وائرس سمیت کوئی بھی بیماری ہمارے کسی ہم وطن کو نہ ہو۔انہوں نے جلد صحتیاب ہو کر کے پی کے اسمبلی میں خدمات سرانجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی طے پا گئی