لندن:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ ایمریٹس ایئر لائن کے ذریعے پاکستان کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ ابھی کچھ دیر پہلے جہانگیر ترین نے وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ رواں ماہ پاکستان پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین علالت کے باعث برطانیہ میں مقیم تھے۔ کچھ ماہ قبل دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ دیرینہ تعلق پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کیساتھ تعلق بھولنے والا نہیں، دراڑیں ختم ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما ء جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے گہرا تعلق تھا، ہم نے اکٹھے جدوجہد کی۔ ہمارے تعلق کی گہرائی میں اور عمران خان ہی جانتے ہیں۔ ان کے تاثرات اور جذبات کی میں قدر کرتا ہوں۔
جہانگیر ترین کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ عمران خان اور میرا تعلق بھولنے والا نہیں، مجھے وہ چیزیں یاد آتی ہیں۔ ہمارے بیچ دراڑیں پڑنے کا مجھے بھی افسوس بہت ہے۔ میرا عمران خان کا جیسا تعلق تھا، دراڑیں ختم ہو جائیں گی۔ دراڑیں ختم ہونے کی خواہش بھی ہے۔