لاہور:مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اتحادیوں کو ظہرانہ نیا لولی پاپ دینے کا ”مشن آف کھابہ“تھا لیکن چوہدری برادران نے بروقت اور درست فیصلہ کیا۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ اب تو چوہدری برادران نے بھی کہہ دیا ہے اڑھائی سالوں میں ایک مرتبہ بھی عمران خان نے ہم سے ملاقات کرنا گوارہ نہیں کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اختر مینگل پہلے ہی نالائق حکومت سے الگ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زین بگٹی کو بھی جلداز جلد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا،ایم کیو ایم کی ناراضگیاں اور شکوے بھی کسی سے پوشیدہ نہیں،سیاسی جماعتوں کے ہی سیاسی جماعتوں سے رابطے ہوتے ہیں۔
ایک تانگہ پارٹی اور مانگے تانگے کی حکومت سیاسی جماعتوں کی لیڈرشپ کی اہمیت کیسے سمجھ سکتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کا تعلق ایک عزت داری فیملی سے ہے لہٰذاوہ بھی اپنا دامن صاف رکھنے کیلئے ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران بھی سمجھ چکے ہیں کہ اس نالائق حکومت کی تمام غلطیاں ان کے کھاتے میں بھی شامل ہورہی ہیں،چوہدری برادران کو جلد یا بدیر کوئی مشکل فیصلہ کرنا ہے جتنا جلدی ہوگا اتنا ملک کیلئے بہتر ہوگا۔