قصور:غلطی سے سرحد پار کر کے بھارتی پنجاب پہنچ جانے والے پاکستانی شہری کو بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت میں گرفتار کئے جانے والے شخص کا نام مشتاق بتایا جا رہا ہے۔
با خبر ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا ذہنی توازن بھی درست نہیں ہے۔ مشتاق قصور کے قریب حسینی والا کے مقام پر بھارتی سرحد عبور کر کے دو سو میٹر دور بھارتی علاقے میں چلا گیا تھا۔
بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بجائے بھارتی فوج نے اسے للکارا لیکن مشتاق کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ بھارتی علاقے میں پہنچ چکا تھا۔اس کی تلاشی کے دوران اس کی جیب سے پانچ ہزار پانچ سو پاکستانی روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
مشتاق پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بھارتی علاقے میں لگائی گئی باڑ کے اندر سے ہوتا ہوا فیروز پور کی طرف جانے کی کوشش کر رہا تھا۔فوج نے ابتدائی تفتیش کے بعد اسے فیروزپور پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ اس کے بارے میں پاکستانی حکام کو بھی مطلع کر دیا گیا۔