اسلام آباد کا بااثر پٹواری مبینہ طور پر عوام کیلئے وبالِ جان بن گیا، شہزاد کے زیرِ سایہ روزانہ لاکھوں کی کرپشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے موضع ترنول میں بااثر پٹواری شہزاد نے ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے پٹوار خانے میں اہم کاغذات کی جانچ پڑتال شروع کردی جبکہ منشی خود ہی فردِ انتقال جاری کرکے لاکھوں روپے وصول کر رہے ہیں۔
فیصل نامی شہری کا کہنا ہے کہ مجھ سے فردِ انتقال بنانے کیلئے 20 ہزار روپے طلب کیے گئے، عمران کے مطابق 5 ہزار روپے مانگے گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ کہاں جائیں۔ پٹوار خانے میں 8 منشی موجود ہیں جو اپنی مرضی کے پیسے لیتے ہیں۔
پٹوار خانے کے منشی مبینہ طور پر قیمتی گاڑیوں اور جائیدادوں کے مالک ہیں، اہلیانِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیوں کے اثاثہ جات کی انکوائری کی جائے۔ ذرائع کے مطابق سوسائٹیز کے مالکان ٹیلی فون پر پٹواری کو کام بتاتے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے بعد منشی فردِ انتقال بنا کر سوسائٹی مالکان کے گھر پہنچا دیتے ہیں۔ شہزاد نے ایک پرائیویٹ ڈیرہ بنا رکھا ہے جہاں رات گئے تک سوسائٹی مالکان سے گفتگو اور معاملات طے کیے جاتے ہیں۔
زمینیں اونے پونے داموں خرید کر بھاری داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ منشی حضرات فردِ انتقال پر جعلی دستخط اور مہریں لگاتے ہیں۔ پٹواری شہزاد اول تو ملتا نہیں، اور اگر مل جائے تو آنے والے افراد سے بد سلوکی کی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی بار ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی گئی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ سے عوام کا مطالبہ ہے کہ کرپٹ عملے کو پٹوار خانے سے فارغ کرکے باکردار اہلکار لائے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔