کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے مولانا عادل خان کی شہادت پر نئی بحث چھیڑتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ مذہبی امور کو کراچی آنا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وزیرِ مذہبی امور کہیں تو نظر آئیں۔ مولانا عادل خان کی شہادت پر انہیں چاہئے کہ کراچی آئیں۔
پیغام میں تحریکِ انصاف رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ کراچی میں فسادات کرانے والے سرگرم ہیں۔وزیرِ مذہبی امور شہرِ قائد آ کر علمائے کرام کے اجلاس منعقد کریں۔ اتحاد کی اپیل کریں۔ کچھ تو کریں۔
عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں تو حکومت میں نہیں لیکن جو حکومت میں ہیں، کیا وہ واقعی حکومت میں ہیں؟
وزیر مذہبی امور کہیں تو نظر آئیں؟
مولانا عادل کی شہادت پر کراچی آئیں، یہاں فسادات کرانے والے سرگرم ہیں، علما کے اجلاس منعقد کریں، اتحاد کی اپیل کریں کچھ تو کریں ، میں تو حکومت میں نہیں لیکن جو ہیں وہ حکومت میں ہیں نا؟؟؟— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) October 10, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل مولانا عادل خان پر قاتلانہ حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان کو ڈرائیور سمیت گزشتہ شب گولیاں برسا کر قتل کیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کے بعد ملزمان کو بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: مولانا عادل پر حملے کی رپورٹ پیش، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی