اسلام آباد: عدالت نے سابق صدرِ پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ریفرنسز میں فردِ جرم عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے آصف زرداری پر فردِ جرم عائد کی تاہم ملزم آصف زرداری نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔
دورانِ سماعت سابق صدر آصف زرداری سمیت ریفرنسز میں نامزد دیگر ملزمان عدالت میں حاضر ہوئے۔ ایک ملزم شیر علی سے معزز جج نے سوال کیا کہ آپ پہلے کیوں پیش نہیں ہوئے؟ جس پر ملزم نے بیماری کا عذر پیش کیا۔
بعد ازاں عدالت نے دونوں ریفرنسز میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر فردِ جرم عائد کی۔ سابق صدر نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے فردِ جرم کی نقول ملزمان کو فراہم کرتے ہوئے مقررہ تاریخ پر حاضر ہونے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام گھروں سے نکل آئے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، آصف زرداری