سیالکوٹ: پسرور میں 5 بچوں کی ماں کو شوہر اور سسرالیوں نے مل کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں متاثرہ خاتون جھلس کر جاں بحق ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پسرور کے پھلورا گاؤں میں پیش آیا جہاں شازیہ بی بی نامی خاتون کو شوہر اور سسرالیوں نے جلا دیا۔
رانا فردوس نامی شخص متاثرہ خاتون کا شوہر ہے جس سے اس کی 15 سال قبل شادی ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سے ہی شازیہ بی بی کے شوہر اور سسرالیوں نے اس پر تشدد شروع کردیا تھا۔
تشدد کی وجہ منہ مانگا جہیز نہ دینا بتائی جاتی ہے۔ گزشتہ 15 برس کے دوران شازیہ بی بی 5 بچوں کی ماں بن گئی۔ گزشتہ روز جھلس کر جاں بحق ہونے والی شازیہ بی بی کا مقدمہ مقامی پولیس نے درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 27 ستمبر کے روز شازیہ بی بی کے شوہر، ساس خورشید بی بی، سسر بشیر اور دیگر نے خاتون پر بہیمانہ تشدد کیا۔ شازیہ بی بی اپنے اور بچوں کیلئے کھانا طلب کر رہی تھی جس پر اسے جلا کر قتل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 6 بچوں کی ماں غربت سے تنگ، امداد کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی