کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے الگ صوبے کے مطالبے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مر جائیں گے لیکن سندھ کسی کو نہیں دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینئر پیپلز پارٹی رہنما اور سندھ کی صوبائی وزیر برائے ترقئ نسواں سیّدہ شہلا رضا نے کہا کہ ایک طرف ایم کیو ایم سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کی مذمت کرتی رہی لیکن اب طرزِ عمل بدل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی سندھ کارڈ کھیل کر نفرتیں پھیلا رہی ہے، حلیم عادل شیخ
پیغام میں وزیرِ ترقئ نسواں سندھ سیّدہ شہلا رضا نے کہا کہ اشارہ ملنے پر ایم کیو ایم نے الگ صوبے کی بات دوبارہ شروع کردی ہے، ایک اعلان متحدہ کا ہر چھوٹا بٖڑا اپنے کان اور ذہن کھول کر سن لے۔ مرسوں مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں (مرجائیں گے لیکن سندھ نہیں دیں گے)۔
ایک جانب MQM سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کی مزمت کرتی رہی ہے اور اب اشارہ ملنے پر الگ صوبہ کی بات شروع کر دی ہے،ایک اعلان متحدہ کا ہر چھوٹا بڑا سن لے اور کان اور ذہن کھول کر سن لے
مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں— Syeda Shehla Raza (@SyedaShehlaRaza) October 2, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنوینر اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج سے 32 سال قبل سازش کے تحت ہجرت کرکے آنے والوں کو قتل کیا گیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے 2 روز قبل بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ سزا پاکستان بچانے پر دی گئی اور وقت کے آمر نے یہ آپریشن اِس لیے مسلط کیا کہ کراچی کو صوبے کا درجہ نہ دیا جائے۔ سابق فوجی حکمراں جنرل یحییٰ خان مہاجروں کو الگ صوبہ دینے پر رضا مند تھے۔
مزید پڑھیں: صوبے کا مطالبہ دبانے کیلئے مہاجروں کا قتل عام کیا گیا، ایم کیو ایم