اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات کا عمل پیپلز پارٹی نے شروع کیا ہے جس میں سب سے پہلا قدم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرف سے اٹھایا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سن 1974ء میں گلگت بلتستان میں سب سے پہلی بار اصلاحت متعارف کرائی گئیں، ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان سے راجگی سسٹم اور ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔
پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سب سے پہلے لیگل فریم ورک آرڈر کا اجراء بی بی شہید نے سن 1994ء میں کیا۔ سن 2009ء میں سابق صدر آصف علی زرداری نے علاقے کو گلگت بلتستان کا نام دیا، اسمبلی بنائی اور مزید اقدامات بھی اٹھائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے عام انتخابات 2018ء کے دوران پی پی پی کے منشور میں گلگت بلتستان سے وعدہ کیا تھا کہ عوام کو مزید حقوق دئیے جائیں گے۔ آج ہمارا مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان میں صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام اپنے مستقبل کا انتخاب خود کرسکیں۔
پیپلز پارٹی کے منشور کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم 2020ء کے انتخابات میں بھی 2018ء کا منشور عوام کے سامنے رکھیں گے۔ یہی وہ وقت ہے جب گلگت بلتستان کے عوام کے خواب سچے ثابت ہوں گے۔
I promised more rights to the people of GB in our 2018 election manifesto. We now demand free & fair elections in GB so the people of GB can decide their own future. PPP will run 2020 election on the same manifesto. It is time to make the people of GB’s dream a reality. 2/3
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 24, 2020
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کا الیکشن 2018ء کا منشور عوام کے سامنے رکھتے ہوئے عوام سے درخواست کی کہ منشور کو ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ پیپلز پارٹی نے 2018ء میں عوام سے کیا وعدے کیے تھے۔
Please download the PPP manifesto 2018 & see the reforms we promised the people of Gilgit-Baltistan. https://t.co/KIRB0Nn6Yg 3/3 pic.twitter.com/wpuJCcW5YG
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 24, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل صدرِ ممملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابات کے انعقاد کی منظوری دے دی، نئی قیادت کیلئے ووٹنگ ہوگی جس کی تیاریاں شروع ہو گئیں، گلگت بلتستان میں عام انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کیلئے عام انتخابات کے انعقاد کی منظوری دی۔وزیرِ اعظم عمران خان کی طرف سے بھجوائی گئی سمری صدرِ مملکت نے منظور کرتے ہوئے اس پر دستخط کردئیے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں عام انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے