طبی تحقیق میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی، ماہرین نے ٹوٹی ہوئی ہڈیاں جلد ٹھیک کرنے کیلئے پروٹین تیار کی ہے جسے فریکچر اور حادثاتی طور پر ہڈی ٹوٹنے کے بعد استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنگز کالج لندن میں موجود طبی ماہرین اور سائنسدانوں نے اسٹیم سیلز اور پروٹین پر مشتمل ایک پٹی بنائی جس کی مدد سے ہڈی کی نشوونما ممکن ہے جس سے طبی سائنس میں ایک انقلاب برپا ہوگیا۔
عالمی جریدے نیچر میٹریلز کی ایک رپورٹ کے مطابق تجرباتی طور پر بائیو میٹریل پر ہڈی کے خلیات اور اسٹیم سیل کا لیپ کرنے کے بعد جب اس کا استعمال کیا گیا تو ٹوٹی ہوئی ہڈیاں نشوونما پانے لگیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عموماً حادثات میں معمولی فریکچرز جلدی ٹھیک ہوجاتے ہیں لیکن گہرے فریکچرز بہت وقت لیتے ہیں اور بعض ہڈیاں تو جوڑی ہی نہیں جاسکتیں، حالیہ تحقیق سے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
مذکورہ تجربے کے بعد سائنسدانوں کو امید ہے کہ نہ صرف ہڈی کے ناقابلِ علاج زخم بھر جائیں گے بلکہ انفیکشن کا بھی کوئی خطرہ نہیں۔ مذکورہ پروٹین ہڈیوں کی فطری نشوونما کے عمل کو تیز کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا ویکسین کے تیسرے کلینکل ٹرائلز کا آغاز