لندن:برطانیہ میں کورونا وباء کی دوسری لہر کے بعد سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں،جن کی خلاف ورزی پر دس ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ جو برطانوی شہری وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں تعاون نہیں کریں گے اورخود کو الگ تھلگ نہیں رکھیں گے ان پر دس ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وائرس کی دوسری لہر کے بعد انگلینڈمیں نئی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔نئی پابندیوں کے مطابق 28 ستمبر سے کورونا سے متاثرہ ہر شخص کی قانونی ذمہ داری ہوگی کہ وہ خود کو دیگر افراد سے الگ تھلگ رکھے۔
مختلف گھرانوں سے تعلق رکھنے والے صرف چھ افراد اکھٹے ہو سکیں گے جس کا اطلاق رواں ہفتے سے کر دیا گیا ہے۔ بورس جانسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے وائرس سے نمٹنے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ تمام شہری اصولوں کی پابندی کریں اور وائرس سے متاثرہ افراد خود کو آئسولیشن میں رکھیں۔
احتیاطی تدابیر کے لئے جاری کئے گئے بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ نئی پابندیوں کو نظر انداز نہ کیا جائے اور وائرس پھیلانے کے خدشے کی صورت خود کو آئسولیٹ کرنا قانونی ذمہ داری ہے۔
اگر برطانوی قوم ادارہ صحت ’این ایچ ایس‘ کی جانب سے کسی بھی فرد کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تو ایسا کرنا اس کی قانونی ذمہ داری ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ ادا کرنا پرے گا۔ دوسری طرف لندن میں سیکڑوں افراد کورونا کے دوسرے متوقع لاک ڈاؤن کے خلاف سڑکوں پر آگئے اور احتجاج میں مطالبہ کیا گیا کہ دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ نہ کیا جائے۔