اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں تقریر کو مگر مچھ کے آنسو قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کل کے خطاب میں جہاں نواز شریف نے یہ تذکرہ ادھورا چھوڑا کہ کیسے انہوں نے ساز باز کی، وہیں ایک اور بات بھی بھول گئے۔
پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف نے فوج اور عدلیہ سے ساز باز کرکے سیاست میں جگہ بنائی جس کا ذکر تقریر میں نہیں جبکہ وہ اپنے اور یوسف رضا گیلانی کے بارے میں بھی کوئی ذکر نہیں کیا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے کہنے پر خود کالا کوٹ پہن کر عدالت جا پہنچے اور اب مگر مچھ کے آنسو بہانے لگے ہیں۔
کل کے خطاب میں جہاں نواز شریف نے یہ تذکرہ ادھورا چھڑا کہ کیسے ماضی میں انھوں نے فوج اور عدلیہ سے ساز باز سے سیاست میں جگہ بنائ وہیں وہ یہ بتانا بھی بھول گئے کہ یوسف رضا گیلانی کیخلاف افتخار چوہدری کے کہنے پر وہ خود کالا کوٹ ہہن کر عدالت جا پہنچے تھے، اوراب یہ مگرمچھ کے آنسو ۔۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 21, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف سے پوچھنا چاہیے، قومی اداروں کے خلاف بیانیہ کون دے رہا ہے؟ ایف اے ٹی ایف بل کی مخالفت اور ادارہ مخالف مہم نواز شریف کی تقریر سے ظاہر ہے،بحث ہونی چاہئے کہ نواز شریف کو بیانیہ کس کی طرف سے دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ نواز شریف پاکستان کے خیر خواہ ہیں تو اربوں کی جائیدادیں بیچ کر پاکستان آئیں۔ وزیراعظم نے خود کہا نواز شریف کی تقریر نشر ہونے دیں،میڈیا آزاد ہے، ہمیں بھی کیا کیا کچھ نہیں کہا جاتا۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کے بیانیے پر بحث ہونی چاہئے۔ شبلی فراز