راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جرائم بڑھ گئے ہیں جبکہ تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر سردار سلیم حیدر اور ڈویژنل ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات راجہ نذیر ایڈوکیٹ نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں حالات انتہائی خراب ہیں۔خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں جبکہ معصوم بچے بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پولیس جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
گفتگو کے دوران سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔بھوک اور افلاس کے ہر طرف ڈیرے ہیں۔غریب کی کہیں بھی شنوائی نہیں۔لوگ بے روزگاری سے تنگ آکر خود کشیاں کر رہے ہیں۔مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ عوام کی چیخیں نکل گئیں ہیں۔لاقانونیت عروج پر ہے۔حکومتی وعدے پورے نہ ہوئے۔عوام کو ریلیف نہیں مل رہا جبکہ حکومت میں نااہلوں کا ٹولہ اکٹھا ہو گیا ہے۔
تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ کسی بھی وزیر کو ڈھنگ سے کام کرنا نہیں آتا۔ابھی تک حکومت نے کسی بھی میگا پراجیکٹ پر کام شروع نہیں کیا۔شیخ چلی کی طرح بڑی بڑی باتیں کی جاتی ہیں۔ ہم نے کبھی این آر او نہیں مانگا۔ این آر او دینا خان صاحب کے بس کی بات نہیں۔جنہوں نے این آر او دینا تھا، میاں نواز شریف کو این آر او دے دیا اور وہ باہر بھی چلے گئے۔
دورانِ تنقید پیپلز پارٹی کے سابق وزیر نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں جرائم اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ امریکہ نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔ گڈ گورننس کہاں ہے؟ آٹا، دال، چینی اور بجلی اور گیس کے بلز سمیت سب کچھ مہنگا ہے۔ عوام نے آپ کو انصاف کے نام پر ووٹ دیا لیکن انصاف کہیں دور دور تک نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا دورِ حکومت بہت اچھا رہا لیکن ایسا بھی نہیں تھا جیسے اب ہو رہا ہے۔عوام کا تحفظ ملک کے وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔آپ اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ آئندہ 3 سال کا عرصہ گزر تے ہوئے پتہ بھی نہیں چلے گا۔آپ کی کارکردگی بلدیاتی الیکشن میں کھل کر سامنے آجائے گی۔لوگ آپ کی تبدیلی سے تنگ آچکے ہیں۔ آپ کے امیدوار پٹ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا جنسی زیادتی کے ملزمان کو پھانسی دینے کا مطالبہ