کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے نیوکراچی میں گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔
خرم شیرزمان کے دورے کا سن کر وزیرتعلیم صبح سویرے اسکول پہنچ گئے۔وزیر تعلیم نے ضلعی انتظامیہ اور تمام مشینری اسکول کی صفائی پر لگادیا۔علاقہ مکینوں نے خرم شیرزمان کا دورے پر شکریہ ادا کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اسکول تاحال برساتی پانی سے بھرا ہواہے۔ وزیراعلیٰ سندھ بھی آئیں اسکول کادوراکریں آپ کوپتہ نہیں یہاں کیا ہورہا ہے۔اس شہرکے لئے کسی نے کچھ نہیں کیا،تعلیم صحت صفائی کوئی سہولت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری جاگیں،آپ کے وزراء آپ کی چمچہ گیری کرکے آپ کوسندھ سے بھی نکلوادیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھی ہوٹل نیوکراچی کے اسکول کی حالت سب نے دیکھ لی۔اسکولوں میں فرنیچر،پینے کاپانی، واش روم نہیں ہیں۔ہم توصرف ایس اوپیزپرعمل درآمد چیک کرنے آئے تھے۔
اسکول کی مرمت کے کروڑوں روپے جاری ہوچکے ہیں۔صوبائی وزراء صرف شاہراہ فیصل کے چکرلگاتے ہیں۔آج میرے آنے کی اطلاع کے بعد وزیرتعلیم بھی آئے اورمشینری بھی پہنچادی گئی۔
سعید غنی محکمہ بلدیات کے بعدتعلیم میں بھی ناکام ہوچکے ہیں۔ بلاول بھٹوآکرجائزہ لیں وزراء کے کان کھینچیں، یہ صرف ان کی خوشامد میں لگے رہتے ہیں۔پیپلز پارٹی سندھ کے ہر محکمے کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کر رہی ہے۔
سندھ کے ادارے بھی ان کے وزراء کی طرح بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں۔ سندھ کے ہر ادارے میں کرپشن عروج پر ہے۔ سندھ کے عوام سے بنیادی سہولیات چھیننے کے بعد اب پیپلز پارٹی نے تعلیم کے نظام کو بھی مکمل تباہ کردیا ہے۔