کراچی: معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے اپنی دوستی کی افواہوں کو درست قرار دے دیا، گلوکار کا کہنا تھا کہ مجھے تھوڑا بڑا ہونے دیں پھر میں شادی کا سوچوں گی۔ ابھی میری شادی کی عمر نہیں۔
گلوکارہ آئمہ بیگ اوراداکار شہباز شگری کی دوستی چرچے ہر جگہ عام ہیں۔ دونوں بہت کم وقت میں ایک دوسرے کے قریب آئے اور اب ہر تقریب میں ایک ساتھ دکھائی دینے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں نے اس سے پہلے کبھی اپنے تعلق کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی لیکن اب پہلی بار گلوکارہ دل کی بات زبان پر لائی ہیں۔گلوکارہ نے ایک نجی ٹی وی شو کے مارننگ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اداکار شہباز شگری سے اپنے تعلق اور شادی سمیت مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ ہم دونوں سے متعلق جو بھی افواہیں ہیں وہ سب درست ہیں، ہماری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب میں ’پرے ہٹ لو‘ کے لیے گانا ریکارڈ کررہی تھی اور مجھے شہباز شگری کے ساتھ کام کرکے اچھا لگا۔
گلوکارہ نے کہا کہ شہباز شگری بہت پرسکون انسان ہیں، میں نے انہیں کبھی لڑتے ہوئے یا کسی سے الجھتے ہوئے نہیں دیکھا، شہباز اور میری ذہنی ہم آہنگی بہت اچھی ہے اور ہم جب ساتھ ہوتے ہیں تو اچھا لگتا ہے اور ان کا رویہ میرے ساتھ ہمیشہ دوستانہ ہوتا ہے۔
آئمہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کو ہمسفر کی صورت میں ایک دوست مل جائے تو اس سے زیادہ اور کیا چاہیے، آپ ایسے انسان کے ساتھ پوری زندگی گزارسکتے ہیں۔میزبان نے ان سے جب شادی سے متعلق سوال کیا تو گلوکارہ نے کہا کہ بس مجھے تھوڑا بڑا ہونے دیں، پھر شادی کا سوچیں گے۔