شہرِ قائد کو بجلی کی سہولت مہیا کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے گیس کا بہانہ بناتے ہوئے اضافی لوڈ شیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ طور پر طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ رات گئے بھی کے الیکٹرک نے لیاقت آباد، کیماڑی، نیا آباد، کھڈہ مارکیٹ اور لیاری میں لوڈ شیڈنگ جاری رکھی۔
شہریوں کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر اور لیاری میں 2، 2 گھنٹے کے وقفوں سے 3، 3 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس سے عوام عاجز آ گئے ہیں۔
عوام الناس کا کہنا ہے کہ کراچی ملک کے ریونیو کا ایک بڑا حصہ جنریٹ کرتا ہے۔ یہاں لوگ ملک بھر سے حصولِ روزگار کیلئے آتے ہیں۔ منی پاکستان کراچی میں لوڈ شیڈنگ عوام کے معاشی قتلِ عام کے مترادف ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ گیس کے پریشر میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار مطلوب مقدار میں ممکن نہیں ہوسکی جس کے نتیجے میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے جو پریشر کی بحالی کے ساتھ ہی ختم ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر قائد میں کے الیکٹرک کی من مانیاں جاری رہیں، 24 گھنٹوں میں 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے شہری مشتعل ہو گئے ، گارڈن میں کے الیکٹرک کے ستائے صارفین نے مشتعل ہو کر حملہ کر دیا۔
دفتر پر شنوائی نہ ہونے پر اشتعال مزید بڑھنے کے بعد مشتعل مظاہرین نے دفتر پر پتھراؤ شروع کر دیا، شہریوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بند کردی ، ٹریفک معطل ہو گیا ،گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
مزید پڑھیں: حکومت کا ڈر نہ عدلیہ کا خوف، کراچی میں لوڈشیڈنگ بڑھ گئی