اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور گوجرانوالہ رِنگ روڈ پر خاتون کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں لاہور گوجرانوالہ رنگ روڈ پر خاتون کے ساتھ ہونے والے واقعے کے خلاف اِس وقت پوری قوم سراپا احتجاج ہے اور یہ مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور جس جگہ واقعہ ہوا اسی جگہ پر مجرموں کو پھانسی کی سزا دی جائے۔
آج پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیداروں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔احتجاج کرتے ہوئے پی پی پی خواتین ونگ کی سرکردہ اراکین کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ہر روز خواتین ، بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ہورہے ہیں اور حکومت بے بس نظر آتی ہے۔
خواتین ونگ کی اراکین نے سوال کیا کہ کیا خواتین اس ملک میں غیر محفوظ ہیں؟ وزیرِاعظم عمران خان کیا کر رہے ہیں؟ اب تک کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟ یہ کام حاکمِ وقت کا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں بچوں، بچیوں اور خواتین کو مکمل طور پر تحفظ دیا جائے۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ خواتین مکمل آزادی کے ساتھ اپنے روزمرہ کے امور کی انجام دہی کر سکیں۔ہم ملک میں بسنے والی تمام خواتین سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیں اور ہمارے ساتھ کھڑے ہوکر مطالبہ کریں کہ معاشرے کے ان ناسوروں کو مسل کر رکھ دیں۔
زیادتی اور قتل کے معاملے پر سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیوان صفت درندوں کے خلاف ایسا قانون بنایا جائے جس سے ان کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔ آئے دن ایسے واقعات سے اقوامِ عالم میں پاکستان کی رسوائی ہو رہی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پاکستان خواتین کے لیے غیر محفوظ ملک ہے۔حکومت سخت سزا کا قانون لائے۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری کا جنسی زیادتی اور قتل کے ملزمان کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ