راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے 11 سالہ بچی شہید اور 4 شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایل او سی کے تتہ پانی اور رکھ چکری سیکٹر میں 11 سالہ بچی شہید جبکہ 4 شہری زخمی ہوئے جن میں ایک 75 سالہ عمر رسیدہ خاتون بھی شامل ہیں جس پر پاک فوج نے بھی دشمن کو بھرپور جوابی کارروائی کا نشانہ بنایا۔
پاک فوج نے بھارتی فورسز کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن کے بھاری بھرکم ہتھیار خاموش ہو گئے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون زخمی ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے (ایل او سی) لائن آف کنٹرول کے علاقے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون شدیدزخمی