کراچی:یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ملکی معاشی استحکام،پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر اہم اقدامات کررہے ہیں۔
پاکستان کے تمام دوست ممالک کے ساتھ بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات ہیں جبکہ کینیڈا پاکستان کا بہترین تجارتی پارٹنر بن چکا ہے،پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت کیلئے مزید کوششیں کرنا ہونگی اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ٹورنٹو میں پاکستانی قونصلیٹ کے ساتھ ہم ہرممکن تعاون کرینگے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ٹورنٹو،کینیڈا میں پاکستانی قونصلیٹ کے دورے میں قونصل جنرل عبدالحمید سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پر یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاری اور پاکستانی کے کمرشل قونصلراظہرمرچنٹ بھی موجود تھے۔
ایس ایم منیر نے قونصلیٹ میں رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میں وسعت اور مزید بہتری کیلئے ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنر ل عبدالحمید دونوں ممالک کے بزنس مینوں کومزید قریب لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اگر دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے میں آسانی مہیا کی جائے تو نہ صرف سرمایہ کار آگے بڑھیں گے بلکہ تجارتی نمائشوں کے ذریعہ دوطرفہ تجارت بھی بڑھے گی۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کیلئے کام کررہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں کینیڈاکے ساتھ سفارتی،تجارتی تعلقات مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی بے مثال ہے جودوطرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے مثبت کوششوں میں مصروف ہیں، کینیڈین مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اورپاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے جدیدخطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پرقونصل جنرل عبدالحمید نے کہا کہ قونصلیٹ کی کوشش ہے کہ پاکستان سے کینڈا کو ایکسپورٹ ڈبل ہوجائے اور اس کیلئے ایس ایم منیر اور دیگر سرکردہ بزنس مین ہماری مدد کریں،ہم پاکستان کے نمایاں سرمایہ کاروں،بزنس مینوں اور ایکسپورٹرز سے رابطے کررہے ہیں۔