اسلام آباد: سابق صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کے 3 ریفرنسز کی سماعت ہوگی جس میں آج اپنا دفاع کرنے کیلئے آصف علی زرداری عدالت پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس میں 3 ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی۔
سماعت کے دوران ریفرنسز پر اپنا دفاع کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو اور ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ احتساب عدالت اسلام آباد پہنچے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت میں آصف علی زرداری پر توشہ خانہ ریفرنس کے ساتھ ساتھ پاک لین کے ضمنی ریفرنس اور منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ریفرنس میں بھی فردِ جرم عائد کی جاسکتی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کو گزشتہ برس 11 جون کے روز گرفتار کیا گیا جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی۔ گرفتاری نیب کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف عدالت نے 9 ستمبر کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی جس کے دوران سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق وزیرِ اعظم اور ن لیگ کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کو گزشتہ ماہ 17 تاریخ کو مؤخر کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کے خلاف9 ستمبر کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ