یوکرین سے درآمد کی گئی گندم کے ٹرک پاکستان میں پہنچنے کے باوجود بھی آٹے کی قیمت جوں کی توں ہے جس پر عوام مہنگائی سے پریشان ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق درآمد کی گئی گندم کے تین جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، یوکرین سے ہزاروں میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے باوجود بھی آٹے کی قیمت کم نہ ہوسکی۔
پاکستان میں گندم سے بھرے ہوئے 2 جہاز اگست اور ستمبر میں پہنچے جن میں بالترتیب 45 ہزار اور 19 ہزار ٹن گندم موجود تھی جبکہ 1 لاکھ 58 ہزار 804 میٹرک ٹن گندم یوکرین سے درآمد کی گئی۔
ہزاروں ٹن گندم درآمد کرنے کے باوجود ڈھائی نمبر چکی کے آٹے کی ایکس مل میں قیمت آج 56 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 57 روپے ہے۔ فائن آٹا ایکس مل میں 60 روپے جبکہ بازار میں 63 سے 70 روپے کلو ہے۔
مہنگائی کے باعث مشکلات میں گھری ہوئی عوام کا وزیرِ اعظم عمران خان اور تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت سے سوال ہے کہ ہزاروں ٹن گندم آخر کہاں جارہی ہے؟
عوام کا سوال ہے کہ اگر مہنگائی ختم کرنے کیلئے ہزاروں ٹن گندم درآمد کرنے کے اقدامات بھی ناکافی ثابت ہوئے تو پریشان حال شہریوں کا مستقبل میں کیا حال ہوگا؟
یہ بھی پڑھیں: 65 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر ایک اور ٹرک کراچی پہنچ گیا