گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے ملاقات کی ہے جس کے دوران شہرِ قائد میں ترقیاتی منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق افتخار شالوانی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے کیلئے اعتماد کرنے پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے صاف و شفاف استعمال اور کراچی سے متعلق دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
دورانِ ملاقات گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرِا عظم عمران خان نے کراچی کیلئے ایک تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس سے شہرِ قائد کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ بہتر شہری سہولیات حاصل کرنا عوام کا حق ہے۔
گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ شہری انتظامیہ بھی مل جل کر کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سابق کمشنر کراچی و موجودہ سیکریٹری بلدیات افتخار شالوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا گیا جبکہ سندھ حکومت نے صوبے کے دیگر شہروں میں بھی ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
سندھ حکومت نے آئینِ پاکستان کے تحت دئیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن گزشتہ روز جاری کیا۔
مزید پڑھیں: افتخار شالوانی ایڈمنسٹریٹر تعینات، دیگر کا نوٹیفیکیشن جاری