پشاور: تحصیل صافی میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 12 مزدور وں کے جاں بحق ہونے کے اطلاعات ہیں جب کہ 6 زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں سنگ مر مر کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 12مزدور جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔
اس حوالے سے ڈی پی او مہمند طارق حمید نے کہا ہے کہ دور افتادہ علاقہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا،ریسکیو کا عمل جاری ہے۔
معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے پیش آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔