اسلام آباد :ٹریفک پولیس لائسنس کاجدید نظام بنانے کیلئے کوششوں میں مصروف، والدین سے کم عمر بچوں کو گاڑی نہ دینے کی اپیل، اسلام آباد میں ریڈیو سے شہریوں کی رہنمائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس فرخ رشید نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لائسنس کو مزید جدید بنایاجا رہا ہے اور اب اس میں چپ کا فیچر بھی ڈالا جارہا ہے جس سے ڈیٹا کو محفوظ کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہاکہ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر کا تمام ڈیٹا اس میں موجود ہو گا جس سے شہری ہر طرح کی معلومات لے سکیں گے اور اتھارٹی کے پاس بھی یہ ڈیٹا محفوظ ہوگا جس سے ضرورت پڑنے پر شہری فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس فرخ رشید کا کہنا تھا کہ میں والدین کو کہتا ہوں کہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لئے نہ دی جائیں کیونکہ اس سے حادثات رونما ہوتے ہیں ۔
18 سال سے زائد عمر کے بچے پہلے باقاعدہ ڈرائیونگ سیکھیں، لائسنس حاصل کرنے کے بعد موٹر سائیکل اور گاڑی چلائیں اور موٹر سائیکل پر ہر صورت میں اپنی جان بچانے کی خاطر ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم تقریباً ہر دو ہفتے بعد روڈ پر آگاہی مہم بھی چلاتے رہتے ہیں جس میں ٹریفک قوانین اور لائسنس سے متعلق معلومات دیتے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں:کراچی ڈرائیونگ کیلئے بدترین ملک قرار