حیدر آباد دکن:بھارت میں بچپن میں دماغی فریکچر کا شکار ہونے والے 20 سالہ بھارتی نوجوان نیلا کنٹھا بھانو پرکاش کو انسانی کیلکولیٹر قرار دے دیا گیا، بھانو پرکاش کروڑوں اربوں کا حساب سیکنڈز میں لگا لیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھانو پرکاش کے ساتھ بچپن میں ایک خوفناک حادثہ ہوا جس میں انہیں دماغی فریکچر بھی ہو گیا اور انہیں شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے گزرنا پڑا، تاہم یہ حادثہ ان کے ذہن میں کچھ ایسی تبدیلیاں لایا جو انہیں ایک عام انسان کے مقابلے میں غیر معمولی بناتی ہیں۔
نیلا کنٹھا بھانو پرکاش سے ایک بار سوال کیا گیا کہ 869463853 کو 73 سے ضرب دیں تو اس کا کیا جواب آتا ہے؟ انہوں نے جواب دیا 63470861269 جو بالکل درست ہے۔ انہیں یہ جواب دینے میں صرف 26 سیکنڈ کا معمولی وقت لگا جس سے ان کی زبردست حسابی صلاحیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
بھانو پرکاش نامی 20 سالہ نوجوان کا کہنا ہے کہ میں حسابی مسائل اسٹرکچرل پریکٹس کے ذریعے حل کرتا ہوں۔ عموماً اس طریقے سے کسی بھی پیچیدہ سوال کو آسان بنانے کیلئے متعدد حصوں میں تقسیم کر لیا جاتا ہے جس سے اسے حل کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
لندن میں رواں سال ہی مائنڈ اسپورٹس اولمپیاڈ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے بھانو پرکاش سن 2005ء میں صرف 5 برس کی عمر میں بائیک پر اپنے ایک رشتہ دار کے ہمراہ کہیں جا رہے تھے کہ ایک ٹرک سے خوفناک ٹکر میں ان کی کھوپڑی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔
حادثے کے بعد معالجین کا کہنا تھا کہ بھانو پرکاش کی دماغی صلاحیت بری طرح متاثر ہوسکتی ہے تاہم 1 سال کے بعد 20 سالہ بھارتی نوجوان نے شطرنج اور حساب کتاب شروع کردیا اور سن 2007ء میں دماغی ریاضی کے ایک مقابلے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ بھارت میں انہیں دماغی کیلکولیٹر قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی نیوران کیلئے جمپنگ ڈی این اے کا کردار اہم ہے۔طبی تحقیق