راولپنڈی میں مویشیوں کے باڑوں میں پالے گئے جانوروں کی غلاظت رہائشی علاقوں میں پھیل رہی ہے جس پر عوام الناس پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی تنگ و تاریک گلیوں، گنجان بازاروں اور رہائشی علاقوں کے درمیان مویشیوں کے باڑے موجود ہیں جبکہ صفائی کے عملے کی توجہ صفائی سے زیادہ افسران کو خوش کرنے پر مبذول ہے۔ گلیاں اور بازار کچرا منڈی میں تبدیل ہوگئے۔
صفائی کے نظام میں غفلت برتنے کے باعث اہلیان علاقہ میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، عوام نے اسٹیشن کمانڈر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں گوالمنڈی، گرجا روڈ، بکرا منڈی، پیپلز کالونی، ڈھوک مستقیم، افشاں کالونی کے نشیبی علاقوں اور نالوں سے ملحقہ علاقوں میں بھینسیں پالنے والوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
حالیہ بارشوں کے دوران مویشیوں کی غلاظت نالیوں سے ابل ابل کر پورے علاقے میں پھیل رہی ہے جبکہ صفائی کے کام پر مامور عملے کی ساری توجہ افسران کے کے گھروں پر مرکوز ہے اور دیگر علاقوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا جس کی وجہ سے راولپنڈی کینٹ کا علاقہ کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکا ہے۔
عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ذرائع کے مطابق سینی ٹیشن سپروائزر شبیر احمد اپنے فرائض سے بے خبر ہیں جس کا ماتحت عملہ بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے اور کارروائی کے نام پر فوٹو سیشن ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے راولپنڈی کینٹ کے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے برتی جانے والی غفلت سے قیمتی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔اہل علاقہ نے متعلقہ اسٹیشن کمانڈر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی فوری صفائی ستھرائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: غریب دودھ فروش پر جرمانہ، فوڈ اتھارٹی کے خلاف احتجاج