اسلام آباد: فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو نے حضورِ اکرم ﷺ کے گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کیے، جس کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی جارحانہ کوشش کو آزادئ اظہارِ رائے یا صحافتی آزادی قرار نہیں دیا جاسکتا جبکہ ایسے افعال سے قیامِ امن کی عالمی کاوشوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
مذمتی پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ سماجی مطابقت اور مذہبی رواداری و مفاہمت کے جذبات کو بھی ایسے افعال سے ٹھیس پہنچتی ہے۔ فرانسیسی میگزین کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی ری پرنٹنگ کے فیصلے نے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی میگزین کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو عالمی سطح پر بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو مذہبی رواداری کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔
اِس سے قبل پاکستان نے 2 یورپی ممالک ناروے اور سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تمام مذاہب کی تعلیمات کے خلاف قرار دیا۔
ٹوئٹر پر 2 روز قبل اپنے پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے شہر مالمو اور ناروے کے شہر اوسلو میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی 2 یورپی ممالک میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت