کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اپنے دوست کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگانا چاہتے ہیں۔اگرکراچی کا ایڈمنسٹریٹرغیر جانبدار نہ ہوا توسندھ حکومت سخت رد عمل کے لیے تیار رہے۔
پارٹی سیکریٹریٹ ا نصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر وفاقی حکومت کام شروع کرنے جارہی ہے۔پینے کا صاف پانی شہریوں تک پہچانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بتائے 12 سال میں ملنے والا پیسہ کہاں لگا؟ پیپلز پارٹی کا منشور پیسہ کھپے کھپے میں تبدیل ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت اچھی طرح سمجھ لے کہ اب سندھ میں لوٹ مار اور دو نمبری نہیں چلنے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے سندھ میں بہتری لانے کے لیے کمر کس لی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل حل کرنے میدان میں آگئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میں کوئی ایسا وزیر نہیں جس میں کام کرنے کی صلاحیت ہو۔ہم نے وفاقی حکومت سے گذارش کی ہے کہ این ایف سی کو پی ایف سی سے مشروط کیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے سندھ پر قابض حکمرانوں نے صرف عوام کا پیسہ لوٹا ہے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل صرف تحریک انصاف ہی حل کر سکتی ہے۔