کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی لاحاصل ہے۔
شہرِ قائد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے بہت سے مسائل ہیں جو صرف وفاقی یا صوبائی حکومت کے مسائل نہیں ہیں۔ کراچی کی مشکلات کا تدارک چاہئے تو الزام تراشی بند کرکے دونوں سطحوں پر مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بارش کے باعث کراچی میں ڈیفنس کا علاقہ زیادہ متاثر ہوا ، مسائل کے حل کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ شہری انتظامیہ کو بھی سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔ مشکلات کے حل کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ معاملات کو سیاسی رنگ دینے کی کوئی ضرورت نہیں، جب مریم نواز خاموش تھیں، لوگوں کو اعتراض تھا اور جب وہ گفتگو پر آئیں تو تب بھی معترض چپ نہ ہوئے۔ کراچی کے مسائل کا حل حقیقی اقدامات میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیس کی سماعت ملتوی، نیب کو ختم کیا جائے، شاہد خاقان عباسی