کابل: افغانستان میں مسلسل ہونے والی تیز بارشوں کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہوگئی، شدید بارشوں کے باعث ڈیمز ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے میں 77 افراد بہہ گئے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔امدادی کارروائیاں جاری۔
افغان میڈیا کے مطابق شدید بارشوں کے باعث صوبہ پروان زیر آب آگیا، بارشوں سے ڈیمز کے بند ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، لینڈ سلائیڈنگ، ہورڈنگز گرنے اور مختلف واقعات میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
صوبہ پروان کے محکمہ صحت کے سربراہ صفی اللہ واراستہ کے مطابق سیلابی ریلا اپنے ساتھ 200 سے زائد افراد کو بہا کر لے گیا، تاحال 77 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 100 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 15 کی حالت نازک ہے۔
سیلابی ریلے نے سب سے زیادہ نقصان صوبے پروان کے مرکزی شہر چاریکار کو پہنچایا جہاں 350 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہیں۔ دارالحکومت کابل میں بھی سیلابی ریلے نے تباہی مچائی۔صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔