کراچی:وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام خود کو تنہا نہ سمجھے، قدرتی آفت اور غیر معمولی حالات میں بھی حکومت سندھ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ ملیر اور ملحقہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے۔ امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ملیر اور ضلع کونسل کے چیئرمینز، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر و دیگر عیدیداران، کمشنر کراچی، محکمہ بلدیات و آبپاشی کے افسران بھی موجود تھے۔
ملیر اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشیں گزشتہ عرصے میں ہونے والی بارشوں کے مقابلے میں کہیں گنا زیادہ اور تباہ کن ثابت ہوئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی قدرتی آفات کے سامنے بے بس ہوتے ہیں، حکومت سندھ نے کسی بھی موقع پر عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ہے، جلد حالات بہتر ہوجائی گے۔
ناصر حسین شاہ کے مطابق خود وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صبح ملیر اور ملحقہ علاقوں کے دورے پر تھے اور اب وہ اندرون سندھ اس وقت بھی تمام علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، سندھ کابینہ کے وزراء، مشیران، پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقوں میں بارش سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کام میں مصروف ہیں۔
حکومت سندھ نے حفاظتی انتظامات پہلے سے ہی یقینی بنادئیے تھے، رین ایمرجنسی کا نفاذ، کمپلین سیل کا قیام اور نالوں کی صفائی سب کچھ پیشگی طو پر کرلیا گیا تھا مگر غیر متوقع تعداد میں ہونے والی بارش ایک قدرتی آفت ہے جس پر قابو پانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
ہم نے تمام نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینیں بھی تنصیب کروائیں، مئیر کراچی اور ڈی ایم سیز کے چئیرمینز کے ساتھ متعدد میٹنگز بھی کریں، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ کو بھی متحرک رکھا مگر بارشوں کی زیادتی سے امدادی کاموں میں کچھ تاخیر ہوئی مگر کام جاری ہے اور مکمل نکاسی آب تک چین سے نہین بیٹھیں گے۔
وزیربلدیات نے بتایا کہ جن مقامات پرشگاف پڑے ہیں وہاں مرمت کا عمل جارے ہے اور متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں کے لئے غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے